حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جامعہ بعثت کے زیر انتظام بعثت بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول میں انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے محفل بزم قرآن منعقد ہوئی۔ جس میں ضلع چنیوٹ کے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر رضوان سعید نے خصوصی شرکت کی۔ نیز دیگر مہمانِ گرامی میں معروف قاری قرآن حجۃ الاسلام سید مرتضی علم الہدی، حجۃ الاسلام ظہور الحسن عسکری، قاری محترم غلام رسول، اور محترم اختر عمران ڈائریکٹر تعلیم و تربیت، بعثت اسکول سسٹم بھی موجود تھے۔
تقریب میں طلباء نے انفرادی اور اجتماعی تلاوت قرآن مجید سے سماں باندھا ، جس کے بعد مہمان قراء کرام نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں تلاوت قرآن کریم سے محفل کی رونق بڑھائی۔
حجۃ الاسلام سید مرتضی علم الہدی نے طلباء میں قرآن کریم کے ذوق کو سراہتے ہوئے اسے مزید پروان چڑھانے کی تاکید کی، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر جناب رضوان سعید نے تقریب کے آخر میں خطاب کرتے ہوئے اس بزم میں اپنی شرکت کو اپنے لیے سعادت قرار دیا اور ادارہ کی کوششوں کو بھی خوب سراہا۔
حجۃ الاسلام ظہور الحسن عسکری نے انقلاب اسلامی اور اس کے دوام کیلئے عمل کی اہمیت سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر اسکول کے تمام اساتذہ کرام بھی موجود تھے، جن کی محنت کے نتیجے میں آج طلباء ہر میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانان گرامی کو اسکول کی لیبارٹریز اور بلڈنگ کا دورہ کروایا گیا اور اسکول میں طلاب کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کروانے کی روشوں کے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اے ای او صاحب نے انتظامیہ اور اساتذہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بعثت سکول سسٹم کو تعلیمی کارکردگی اور امتحانی سسٹم کو معیاری بنانے کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔